جامعۃ الکوثر للبنات کھوئیرٹہ آزاد کشمیر میں آئیں دین سیکھیں کو رس کا انعقاد

مورخہ: 04 اگست 2011ء

نظامت تربیت تحریک منہاج القرآن کے زیرانتظام 2، اگست تا 4، اگست 2011ء تک کھوئیرٹہ جامعۃ الکوثر للبنات میں بنیادی دینی تعلیمات پر مشتمل تین روزہ کو رس آئیں دین سیکھیں کا انعقاد کیا گیا۔ کورس کا دورانیہ ڈیرھ سے دو گھنٹے پر مشتمل تھا۔ کورس میں شامل ہونے والی ادارے کی طالبات اورمعلمات کی تعداد ساٹھ سے زائد تھی۔

مرکزی معلم کورس حافظ محمد عبدالماجد منہاجین نے کورس کی اہمیت و افادیت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دین کی بنیادی تعلیمات سیکھنا ہماری بنیادی ضروریات میں سے ہے۔ انہوں نے دوران کورس بنیادی دینی تعلیمات اور عقائد پر بھی خاص روشنی ڈالی۔

جامعۃ الکوثر للبنات کھوئیرٹہ کے سربراہ بابو صوفی محمد صادق اور معلمین ادارہ میں ماسٹر اعظم جرال اور پروفیسر حافظ محمد جمیل قادری نے کورس کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم اس کورس سے بڑ ے مطمئن اور خوش ہیں کیونکہ ایسے کورسز  کے انعقاد سے لوگوں میں دینی تعلیمات حاصل کرنے کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔ اس کورس کے انعقاد سے طالبات کو نماز اور قرآن پاک درست کر کے پڑھنے کا موقع ملا۔

کورس میں شامل معلمات اور طالبات نے کورس کی اہمیت و افادیت کے متعلق اپنی آراء میں کہا کہ ایسے کورسز کا انعقاد ہر ماہ ہونا چاہیے۔ کورس کے آخری دن شرکاء کورس میں نظامت تربیت تحریک منہاج القرآن کی طرف سے اسناد تقسیم گئیں۔

آخر میں سربراہ ادارہ بابو صوفی محمد صادق نے معلم کورس کا شکریہ ادا کیا اور بانی و سرپرست تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صحت کے لیے خصوصی دعا کی۔

رپورٹ: عرفان محمود مغل قادری (ناظم تحریک منہاج القرآن کھوئیرٹہ)

تبصرہ

Top